محکمہ موسمیات نے آج بھی کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا اور دوپہر کے اوقات میں زیادہ چانسز ہیں، مون سون کا لو پریشر ایریا بلوچستان کی طرف بڑھ رہا ہے اور اس کے اثرات سندھ بھر پر پھیلے ہوئے ہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں گزشتہ رات تیز بارش ہوئی ہے جب کہ کراچی میں آج دن میں یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
سردار سرفراز نے کہا کہ مستقبل قریب میں کوئی اچھا اسپیل نہیں ہے، 30 اور 31 جولائی کو ہلکی اور متعدل بارش ہوسکتی ہے لیکن یہ کوئی خوفزدہ کرنے والی صورتحال نہیں ہے، گزشتہ دنوں بہت ہیوی اسپیل کی بارش ہوئی جو اب گزر چکی ہے تاہم مون سون کے گزشتہ اسپیل کے سندھ اور کراچی میں ابھی اثرات موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگست کے شروع میں بارشوں میں کچھ وقفہ آسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ وسطی اور مغربی سندھ پر برقرار ہے جو بلوچستان کے ساحلی علاقوں کی جانب بڑھ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سسٹم کے زیراثر کراچی سمیت سندھ کے دیگرعلاقوں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جس کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
ماہر موسمیات جواد میمن کی گفتگو
دوسری جانب ماہر موسمیات جواد میمن کا کہنا ہےکہ مون سون سسٹم نےکراچی کے اوپر سے گزر کر مکران کے ساحل کو متاثر کیا، اب سسٹم بحیرہ عرب میں بلوچستان ایران اور عمان کے قریب ہے، مون سون کا کم دباؤ کمزور ہوکر سرکولیشن میں تبدیل ہوگیا ہے، سسٹم آگے بڑھتے ہوئے بھی اپنے پھیلاؤ کے باعث مزید اثر انداز ہوسکتا ہے۔
جواد میمن کا کہنا تھا کہ آج اور کل کراچی سمیت سندھ کے اکثر مقامات پر تیز اور معتدل بارش کا امکان ہے، بلوچستان میں بھی بارشوں کا امکان ہے، بالائی علاقے میں راجستھان کے قریب ایک نیا کمزور سرکولیشن بن گیا ہے، آج دوپہر یا شام میں یہ سرکولیشن سندھ میں داخل ہوسکتا ہے۔