بلوچستان کے محکمہ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے ) نے صوبے میں مون سون کی حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔بارشوں سےاب تک 39 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی ۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیسرے روز بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا،شہر کے کچھ علاقوں میں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی، بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور مختلف فیڈرز میں بجلی کی سپلائی بھی معطل ہوئی ۔
پی ڈی ایم اے بلوچستان کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق صوبے میں پری مون سون اور مون سون کی حالیہ بارشوں سے جاں بحق ہونے والے 39 افراد میں 10 مرد، 16 خواتین اور 13 بچے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 60 افراد زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بارشوں سے کوئٹہ، لسبیلہ، سبی ، ہرنائی، دکی ،کوہلو، بارکھان ، ژوب اور ڈیرہ بگٹی سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔