کیا آپ کو معلوم ہے کہ ٹی وی کی تاریخ کا مہنگا ترین شو کونسا ہے؟

اس کا جواب ہے کہ لارڈ آف دی رنگز کی کہانی پر بننے والی نئی ڈراما سیریز دی رنگز آف پاور۔
ایمازون پرائم ویڈیو کی جانب سے لارڈ آف دی رنگز کی اس نئی سیریز کے مختلف سیزنز پر ایک ارب 18 کروڑ ڈالرز (2 کھرب 47 ارب پاکستانی روپے سے زائد) سے زیادہ رقم خرچ کی جائے گی۔
لارڈ آف دی رنگز کی اس پریکوئیل سیریز کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے جس میں مورفڈ کلارک نے گالاڈریل کا کردار ادا کیا ہے۔
اس سیریز کا پہلا سیزن ستمبر میں ریلیز کیا جائے گا اور اس میں لارڈ آف دی رنگز فلم سیریز کی کہانی سے ہزاروں سال قبل کا زمانہ دکھایا جائے گا۔
اس سیریز میں مشہور رنگز کی کہانی کو بیان کیا جائے گا۔
اس سیریز کے پہلے سیزن کی شوٹنگ نیوزی لینڈ میں کی گئی ہے جبکہ دوسرے سیزن کی پروڈکشن برطانیہ میں ہوگی۔
پہلا سیزن 8 اقساط پر مشتمل ہوگا اور مجموعی طور پر 46 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز خرچ کیے جائیں گے، ایک قسط کی پروڈکشن پر 5 کروڑ 81 لاکھ ڈالرز سے زیادہ خرچ ہوں گے۔
اس کے مقابلے میں لارڈ آف دی رنگز سیریز کی 3 فلموں پر مجموعی طور پر 28 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز خرچ کیے گئے تھے۔